لاہور(نامہ نگار) ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے 252 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ 93 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 90 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان سے 39 کلو چرس، 874 لٹر شراب برآمد، ہوئی۔ 26 فروری سے جاری خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر مجموعی طور پر 18566 چھاپے مارے گئے۔ ملزمان کیخلاف 8686 مقدمات درج کرتے ہوئے 9190 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، قبضے سے 6030 کلو چرس،31 کلو آئس،103 کلو گرام ہیروئن، 216 کلو افیون اور 115458 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو منشیات کیخلاف آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں ڈرگ ہاٹ سپاٹ ایریاز کی مارکنگ کرکے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، اے این ایف اور دیگر اداروں کیساتھ مل کر سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔