فیصل آباد+سانگلہ ہل (نمائندہ خصوصی‘نمائندہ نوائے وقت) گھر میں ہولناک آتشزدگی کے واقعہ کی انکوائری کیلئے کمیٹی بنا دی گئی جو وجوہ کا تعین کر کے آر پی او فیصل آباد کو رپورٹ ارسال کرے گی۔ آتشزدگی سے 4 کمسن بہن بھائی جاں بحق جبکہ والد بری طرح جھلس گیا تھا۔ 3 بچوں نے موقع پر جبکہ ایک بچی نے ہسپتال میں دم توڑا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ گٹ والا کے قریب امیر ٹاؤن کے رہائشی جعفر کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ جبکہ آگ کی لپیٹ میں آ کر گھر کا سربراہ 38 سالہ جعفر ولد امیر علی اور اس کے چار بچے 3 سالہ نور فاطمہ، 5 سالہ ایمن بی بی، 6سالہ امبر بی بی اور8 سالہ بیٹا ارسلان بری طرح جھلس گئے۔ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے بعد گھر کے افراد کو باہر نکالا تو بری طرح جھلس جانے کی وجہ سے 8 سالہ ارسلان، 6 سالہ امبر اور 5 سالہ ایمن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی جعفر اور اس کی بیٹی 3 سالہ نور فاطمہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر دوران علاج نور فاطمہ نے بھی دم توڑ دیا۔ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر عابد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی مدینہ ڈویژن، اے ایس پی سرکل پیپلز کالونی اور ایس ایچ او تھانہ پیپلز کالونی پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔بچوں کو شاہ کوٹ کے نواحی علاقہ بورالہ چک182 کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا‘ علاقہ کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔
فیصل اباد:گھر میں آتشزدگی سے 4کمسن بہن بھائیوں کے زندہ جلنے کا واقعہ:انکوائری کمیٹی تشکیل
May 02, 2024