عطاء تارڑ کی سائرہ افضل سے افضل حسین تارڑ کی وفات پر تعزیت 

May 02, 2024

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اپنا سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے فوری بعد ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کی رہائش گاہ کولو تارڑ پہنچے جہاں انہوں نے ان کے والد سابق ایم این اے چوہدری افضل حسین تارڑ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مرحوم چوہدری افضل حسین تارڑ ایک اصول پسند شخصیت کے مالک تھے۔ اپنے اصول پسندی اور وضع داری کی وجہ سے وہ نہ صرف مقامی بلکہ پارٹی رہنماؤں میں نمایاں عزت و مقام رکھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم چوہدری افضل حسین تارڑ نے ہمیشہ اپنے علاقہ حافظ آباد کی تعمیر و ترقی عوام کی فلاح و بہبود اور اداروں کی بہتری کے لیے کوششیں اور گراں قدر خدمات سر انجام دیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دکھ اور افسوس کے ان لمحات میں ایم این اے سائرہ افضل تارڑ اور ان کے پورے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں چوہدری افضل حسین تارڑ کی وفات سے تارڑ خاندان میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا، اللہ تعالی ان کے درجات بلند کرتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

مزیدخبریں