غزہ میں امدادی ٹرکوں پر بمباری،ترکیہ کا سیاح شہید،لبنان،یونان کی یونیورسٹیز میں بھی اسرائیل مخالف مظاہرے

May 02, 2024


غزہ+ پیرس (آئی این پی+ این این آئی) اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے حماس کو ختم کرنے کے لیے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر حملہ کرنے کے اعلان پر فرانس نے ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو کہا ہے کہ رفح پر اسرائیلی حملہ ایک برا خیال ہے اور اس سے مستقبل میں حماس کے خلاف جنگ کا کوئی حل نہیں نکلے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزویگ سے ملاقات میں حماس کے ہاتھوں یرغمالی بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے عزم کا اظہار کیا۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ کی جانب اسرئیلی مظاہرین نے مارچ کیا۔ پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے جنگ روکیں، یرغمالی اسرائیلی واپس لائیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا عالمی عدالت وارنٹ جاری کر سکتی ہے تو یہ تاریخی سکینڈل ہوگا۔ غزہ جنگ کے مقاصد پر اس کا اثر نہیں پڑے گا۔ لبنان اور یونان کی جامعات میں بھی طلبا نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرہ کیا۔ مقبوضہ بیت المقدس کے اولڈ ٹاؤن میں اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کر کے ترک سیاح حسن سکلانان کو شہید کردیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ گوتریس نے پھر اسرائیل پر زور دیا ہے کہ رفح میں حملہ نہ کرے۔ ترکیے نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف غزہ میں نسل کشی کیس میں جنوبی افریقہ کا حلیف بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے کیس میں فریق بنیں گے۔ ترکیے ہر حال میں فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں