وفاقی وزارت قانون کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس اعجاز احمد چوہدری کو سپریم کورٹ کا جج نامزد کئے جانے کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے سنئیر ترین جج مسٹر جسٹس شیخ عظمت سعید کے چیف جسٹس بننے کے امکانات واضح ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں گذشتہ ماہ اعلی عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بھی نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کیلئے جسٹس شیخ عظمت سعید کے نام پر اتفاق رائے پایا گیا تھا جبکہ اعلی عدلیہ میں تعیناتی کییلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس رواں ہفتے طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی عدلیہ میں سینارٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے پارلیمانی کمیشن کی جانب سےجوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی توثیق کرنے کے امکانات روشن ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیشن سے حتمی منظوری کے بعد نئے چیف جسٹس کا نام وزارت قانون کو بھجوا دیا جائے گا جہاں سے یہ وزیراعظم اور پھر ایوان صدر کو حتمی منظوری کیلئے بھجوایا جائے گا۔ ایوان صدر سے لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کیلئے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے بعد موجود چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سپریم کورٹ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔