افسوس ہوا، گستاخانہ فلم میکر امریکی، پابندی برطانیہ لگا رہا ہے: غلام بلور


پشاور (آئی این پی + آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے توہین آمیز فلم بنانے والے فلم ساز کے قتل پر ایک لاکھ ڈالر کے انعام پر اپنے اعلان کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے برطانوی حکومت کی برطانیہ میں داخلے پر عائد کردہ پابندی کی کوئی پرواہ نہیں ‘ناموس رسالت پر اسلام کے نام پر سیاست کرنے والے خاموش رہے اسی لئے بارش کا پہلا قطرہ بنتے ہوئے گستاخ رسول کے سر کی قیمت کا اعلان کیا ‘ میں اس پر تا دم مرگ قائم رہونگا ‘مسلم لیگ (ن) کی وجہ سے پنجاب بدنام ہو رہاہے ‘کالا باغ ڈیم آئینی مسئلہ نہیں یہ عوامی مسئلہ ہے۔ وہ گزشتہ روز یہاں ایک عید ملن پارٹی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے بھی برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے خط موصول ہوا جس میں میرے برطانیہ میں داخلے پر پابندی بارے بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پر میں نے برطانوی ہائی کمشنر سے انکے دفتر میں ملاقات کر کے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ ایسے قوانین بنائے جائیں کہ آزادی رائے کے نام پر کسی کے مذہب کو نشانہ نہ بنایا جاسکے۔ انکا کہنا تھا کہ پابندی کی پرواہ نہیں افسوس اس بات کا ہے کہ گستاخ فلم میکر امریکہ میں ہے اور پابندی برطانیہ لگا رہا ہے۔ کالا باغ ڈیم کو مردہ گھوڑا صرف کے پی کے اسمبلی نے نہیں بلکہ سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیوں نے بھی قرار دیا ہے اس کے باوجود اسے ایشو بنانے والے وہی سازشی ہیں جنہوں نے بنگلہ دیش کو پاکستان سے جدا کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن