لاہور (سپورٹس رپورٹر) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاسی موسم تبدیل ہو رہا ہے جوں جوں الیکشن نزدیک آ رہے ہیں سیاسی اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہیں گے اور قلابازیاں لگتی رہیں گی، گھوڑا بھی ادھر ہے اور میدان بھی، انتخابات میں سب کو اپنی اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا، ہماری پارٹی موجود ہے اور انشاءاللہ قائم و دائم رہے گی، ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ پنجاب سٹیڈیم میں ایشیاءکپ کبڈی ٹورنامنٹ 2012ءکی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عام انتخابات انشاءاللہ اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اس لئے کوئی اس آس پر نہ رہے کہ انتخابات سے قبل کوئی نیا سیٹ اپ آئے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ انتخابات سے قبل عبوری حکومت کے قیام کیلئے حکومت سب سے پہلے ہم سے مشاورت کرے گی اس کے بعد کسی دوسری جماعت سے مشاورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کو ان کی جماعت نے پارٹی کا صدر بنایا ہے ہمیں اس حوالے سے کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ اصغر خان کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنا کام کر رہی ہے، عدالتی فیصلے آ رہے ہیں یہ لوگ پہلے مانتے تھے کہ انہوں نے پیسے لئے لیکن اب یہ اپنی ہی بات سے انکار کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کبڈی جیسے مقابلے ہوتے رہنے چاہئیں یہ خوش آئند بات ہے اس سے ملکوں اور عوام کے درمیان تعلقات بہتر ہوتے ہیں۔