لاہور (سپورٹس رپورٹر+خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جوہرٹاﺅن میں نئے تعمیر کردہ ہاکی سٹیڈیم کا گزشتہ روز افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ تقریب میں پہنچے تو ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، چوہدری اختر رسول اور ارکان اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے نئے ہاکی سٹیڈیم کی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا مانگی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جوہر ٹاﺅن میں تعمیر ہونے والا نیا ہاکی سٹیڈیم کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔سٹیڈیم میں عالمی معیار کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ نیا سٹیڈیم ہاکی کی رونقیں دوبارہ بحال کرنے میںممدو معاون ثابت ہوگا اور ہاکی کے میدان میں جاری کئی برس کا جمود توڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کھیلوں کے میدانوں کی بحالی سمیت نئے میدان بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پنجاب پولیس کی ہاکی ٹیم دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب پولیس کی ہاکی ٹیم میں بہترین کھلاڑیوں کو شامل کریں گے اور بہترین تنخواہ دی جائے گی۔ ہاکی کے کھلاڑیوں کو پولیس میں افسر بنایاجائے گا۔ انشاءاللہ ہاکی کے میدان میں شہناز شیخ ، اختر رسول اور منظور الحسن جیسے عالمی سطح کے عظیم کھلاڑی اور ہیرو دوبارہ پیدا ہوں گے جو ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ 25سال بعد پہلا جدید ہاکی سٹیڈیم تعمیر ہوا ہے جس پر ہم وزیراعلیٰ کے وژن کو سلام پیش کرتے ہیں۔یوتھ فیسٹول میں 11عالمی ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔سابق اولمپئن چوہدری اختر رسول نے کہاکہ اگروزیراعلیٰ محمدشہبازشریف پاکستانی ہاکی ٹیم کے سینٹر فارورڈ ہوتے تو دنیا میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ ان کے پاس ہوتا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بال کو ہاکی سے شارٹ لگا کر نمائشی میچ کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ نے نمائشی میچ دیکھا اور اس موقع پر وہ سٹیڈیم میں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کی تعریف کرتے رہے۔