لاہور (سپورٹس رپورٹر/نوائے وقت رپورٹ) دوسرا ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ شروع ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح مسلم لیگ ق کے صدر و پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شجاعت حسین نے کیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن اور ایشین کبڈی فیڈریشن کے حکام بھی موجود تھے۔ دوسرے ایشیا کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے ایران کو 40 کے مقابلے 60 پوائنٹس سے شکست دیکر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان ٹیم کو وقفہ تک 16 کے مقابلے 35 پوائنٹس سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے میچ میں بھارت ے افغانستان کو چوبیس کے مقابلے میں اڑسٹھ پوانئٹس سے شکست دیدی ۔تیسرے میچ میں سری لنکا نے نیپال کو تینتیس کے مقابلے میں اڑتالیس پوانئٹس سے ہرا دیا ۔قبل ازیں پاکستان نے نمائشی میچ میں ایشین الیون جن میں 5 ممالک کے کھلاڑی شامل تھے، کو 22 کے مقابلے میں 31 پوائنٹس سے شکست دی۔ عوامی کھیل کبڈ ی کے باہمی مقابلوں سے عوام اور ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوتے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ جس طرح آج کبڈی کے یہ کھلاڑی بگھیوں پر بیٹھ کر ڈھول کی تھاپ پر سٹیڈیم کا چکر لگا رہے ہیں اسی طرح ان ملکوں کے سربراہان مملکت کو بھی یہاں آنا چاہئے تاکہ وہ بھی یہاں میچ دیکھ سکیں۔ آج یہاں موجودہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ایران کی کبڈی ٹیموں کو پاکستان کبڈی فیڈریشن کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ چودھری شجاعت حسین نے اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کو دس لاکھ روپے کا چیک اور ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو شیلڈیں بھی دیں۔