اسلام آباد (ثناءنیوز) الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے موقع پر ووٹرز کو پولنگ سٹیشنوں تک لانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے بارے میں سیاسی جماعتوں سے تجاویزطلب کرلی ہیں۔ الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں اس بارے اقدام اٹھانا کمشن کے لیے ناممکن ہو گا۔ الیکشن کمشن نے مجوزہ ضابطہ اخلاق کے مسودے کی کاپیاں سیاسی جماعتوں کو بھجوا دی ہیں۔ دوہفتوں میں تجاویز سے الیکشن کمشن کو آگاہ کرنے کے بارے میں پابند ہوں گی۔ الیکشن کمشن، انتخابات کے دوران امن وامان کی بحالی کے بارے میں دسمبر کے اواخر میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ خصوصی اجلاس بھی منعقد کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اسی اجلاس میں عام انتخابات میں فوج تعینات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرنے سمیت انتخابی مہم کے بارے میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔