دبئی (آئی اےن پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ ڈیوواٹمور نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں شکست حیران کن تھی،بلے بازہدف کے تعاقب میں دباﺅ میں آجاتے ہیں،پاکستان کے ڈومیسٹک ڈھانچے کی مضبوطی بہت ضروری ہے،پی سی بی کے معاہدے میں توسیع کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے ڈیوواٹمور نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں جیتا میچ ہارا جومیرے لئے ناقابل یقین ہے ،شکست پر حیرانی ہوئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ہدف کے تعاقب میں دباﺅ کا شکار ہونا پاکستانی ٹیم کا نیا مسئلہ نہیں ،قومی ٹیم تین دہائیوں سے اس مسئلے سے دوچارہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنا کام ایمانداری سے سرانجام دیتا ہوں ،نتائج خدا پر چھوڑ دیتاہوں ، تنقید کی پرواہ نہیں کیونکہ میری نیت صاف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی شائقین ٹےم کی ہار برداشت نہیں کرسکتے جبکہ میڈیا بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں،تنقید سے کھلاڑی اور منیجمنٹ شدیددباﺅ میں آجاتی ہے ۔ڈیوواٹمور نے کہاکہ پاکستان کا کرکٹ کلچردنیا کے تمام ممالک سے مختلف ہے حتی کہ بھارت اور سری لنکا میں بھی پاکستان جیسا کلچرنہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ سابق پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب نہیں دیں گے کیونکہ میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں،میری تمام کھلاڑیوں بشمول کپتانوں سے بہترین ہم آہنگی ہے جس کے باعث ڈریسنگ روم کا ماحول کبھی کشیدہ نہیں ہوا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کا اصل مسئلہ کمزور ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچہ ہے جس کے باعث کھلاڑی جب قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے آتا ہے تو اس کی کمزوریاں پختہ ہوچکی ہوتی ہیں جنہیں تربیتی کیمپ میں دور نہیں کیا جاسکتا ،کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں لیکن کمزوریوں پر قابو پانے میں تاخیر سے کھلاڑی کا کیرئیرداﺅپر لگ جاتا ہے ۔ڈیوواٹمور نے کہاکہ پی سی بی کے معاہدے میں توسیع کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا،یہ دو فریقوں کا معاملہ ہے ،بورڈ چاہے گا تو معاہدے میں توسیع ہوسکے گی ،پی سی بی کے معاملات عدالتوں میں ہونے کے باعث ابھی تک صورتحال ہی واضح نہیں، جب بورڈ کا مستقل چیئرمین آئے گا تو کوئی فیصلہ ہوگا۔