لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں واقع فیکٹریوں اور کارخانوں کے زہریلے پانی کے حوالے سے نوائے وقت کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے فیضان خالد ورک نے کہا کہ وہ اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ فیکٹری اور کارخانہ مالکان کی غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ زرعی زمینیں تباہ ہو رہی ہیں۔ عوام موذی امراض کا شکار ہوکر نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ فیکٹری مالکان سب کچھ جاننے کے باوجود واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور دیگر سکیورٹی لوازمات کی تنصیب سے گریزاں ہیں۔ چودھری فیضان خالد ورک نے کہا کہ کیمیکل فیکٹریوں کے مالکان تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری فیکٹریوں سے نکلنے والے کیمیکل زدہ پانی اتنا زہریلا ہے کہ وہ پختہ نالوں کو بھی توڑ دے گا مگر اس کی بہتری کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہے۔