نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی سکالر سری ناتھ راگھون نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 1971 کی جنگ میں اسلحہ فراہم کرکے بھارت کی مدد کی تھی اور بھارتی فوج اور مکتی باہنی کو ہتھیار دیئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سکالر سری ناتھ راگھون نے اپنی کتاب میں کہا کہ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود اسرائیل نے بھارت کی مدد کی۔راگھون نے انکشاف کیا ہے کہ فرانس میں اس وقت کے بھارتی سفیر ڈی این چیٹرجی نے اسرائیل سے اسلحہ حاصل کرنے کا عمل شروع کروایا تھا۔اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے اسرائیل سے اسلحہ لینے کے فیصلے پر گرین سگنل دیا تھا۔ اندرا گاندھی نے را کو اسرائیل سے اسلحہ حاصل کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔