اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے احکامات پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی اداروں‘ خودمختار باڈیز اورکارپوریشنوں کیلئے نئی ریکروٹمنٹ پالیسی جاری کردی ہے جس کے تحت گریڈ16 سے اوپر کی آسامیاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ پر کی جائیں گی، کسی بھی ادارے کی طرف سے وزارت اطلاعات ونشریات اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی منظوری کے بغیر ملازمت کا اشتہار نہیں دیا جاسکے گا۔ پالیسی وفاقی وزارتوں، محکمہ جات، ماتحت اداروں، خودمختار اورنیم خودمختار اداروں، کارپوریشنوں اور کمپنیوں کیلئے ہوگی۔ گریڈ16 سے اوپر کی تقرریاں ایف پی ایس سی کے ذریعہ اور سول سرونٹس رولز1973ء کے تحت عمل میں لائی جائیں گی۔ پالیسی کے مطابق گریڈ ایک اور 2 میں ادارے خود تقرری کرنے کے مجاز ہونگے، گریڈ 3 سے 15 تک کے ملازمین کی تقرری کیلئے اخبارات میں اشتہار دیئے جائیں گے اور60 روز میں یہ عمل مکمل کرنا ہوگا۔ اشتہار کے بعد درخواستیں دینے کیلئے 15 روز کا وقت دیا جائیگا۔ اس پالیسی کے مطابق علاقائی یا صوبائی کوٹہ خواتین اقلیتوں اورمعذور افراد کے علاوہ وقت کیساتھ ساتھ کسی بھی قسم کا مختص کیا جانیوالا کوٹہ تقرریوں کیلئے دئیے جانیوالے اشتہار میں واضح طورپر درج کیا جائیگا ‘مطلوبہ تعلیم اور عمر کی حد یا اس میں دی جانے والی نرمی بھی واضح طور پر اشتہار میں لکھی جائیگی، صرف ایسی آسامیوں پر تقرریاں کی جاسکیں گی جو باقاعدہ منظور شدہ ہوں۔ پالیسی کے مطابق انتظامی وزارتوں اور ڈویژن میں تقرری کے عمل میں کسی بھی سطح پر شفافیت اور میرٹ یقینی بنایا جانا چاہئے۔کوئی بھی امیدوار اپنا اثرورسوخ استعمال کرتا ہے تواسے اس عمل سے نکال دیا جانا چاہئے۔ پالیسی کے تحت درخواست دہندہ سے اسکی تعلیمی قابلیت کے سرٹیفکیٹ کی کاپیاں طلب کی جائیںگی جبکہ تحریری ٹیسٹ یا انٹرویو کے دوران امیدوار اپنے اصل سرٹیفیکیٹ یا دستاویزات پیش کریگا۔ بھرتیوں سے پہلے تمام اداروں کو بھرتی سے متعلق اپنے قواعد و ضوابط وضع کرنا ہوں گے۔ گریڈ ایک اور 2میں مقامی افراد کو بھرتی کیا جائیگا۔ تمام آسامیوں کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سرپلس پول سے این او سی درکار ہو گا۔
گریڈ16 سے اوپر تعیناتیاں فیڈرل پبلک سروس کمشن کے ذریعے ہونگی، نئی ریکروٹمنٹ پالیسی جاری
Nov 02, 2014