لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نیوز رپورٹر) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر بھر میں اربن ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 8 فیصد تک کمی کردی ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اربن نان اے سی ڈیزل بسوں کا سٹاپ ٹو سٹاپ کم از کم کرایہ 15 روپے ہوگا۔ پہلی سٹیج سے تیسری سٹیج تک کرایہ میں ایک روپیہ اور چوتھی سٹیج سے آگے والی سیٹوں میں کرایہ میں 2 روپے تک مرحلہ وار کمی کر دی گئی ہے۔ اربن ویگن، منی بسوں میں پہلی سٹیج سے تیسری سٹیج تک 1 سے 2 روپے تک اور چوتھی سٹیج سے آگے والی سٹیجوں کے کرایہ میں 3 سے 4 روپے تک کمی کردی گئی ہے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ حیدر لطیف نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے لاہور کے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔ ایل ٹی سی عوام تک معیاری، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات پہنچانے کا مشن جاری رکھے گی۔ ایل ٹی سی کے انفورسمنٹ سٹاف کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اضافی کرایہ کی صورت میں متعلقہ پبلک سروس وہیکل کیخلاف کارروائی کریں۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندے ناصر نے بتایا کہ ایل ٹی سی بسوں میں کرایہ کم نہ کرنے پر عملہ کے خلاف شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے انٹر سٹی کرایوں میں 8 پیسے فی کلومیٹر کمی کا نوٹیفکیشن اور نیا کرایہ نامہ بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرسٹی کرایہ ایک روپے 6 پیسے فی کلو میٹر سے کم کر کے 98 پیسے فی کلو میٹر کردیا گیا ہے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے کہا ہے کہ انٹر سٹی روٹ پر کرائے میں کمی پر مکمل عملدرآمد کرایا جائیگا۔ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے پہلے کرایوں میں 5 فیصد کمی پر آمادگی ظاہر کی تھی اب وہ مزید 3 فیصد کرائے کم کرنے پر رضامند ہیں۔ کرایوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہوگا۔ لاہور میں ا ندرون شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ نے عملی طور پر کرایوں میں کمی نہیں کی۔ ڈرائیوروں، کنڈکٹروں کے ساتھ لوگ جھگڑتے رہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق موٹرز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن فیصل آباد نے حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد لاری اڈا سے چلنے والی نان اے سی بسوں کے کرایہ میں 5 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود پاکستان ریلویز نے کرایوں میں کمی سے انکار کردیا ہے۔ آل پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے کرایوں میں 8 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ فیڈریشن کے صدر اعظم خان نیازی نے بتایا کہ کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ دوسری جانب ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پی آئی اے اور نجی ائرلائنز نے کرایوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی سے ائرلائنز کو 15 فیصد اضافی منافع ہوگا۔ پشاور میں صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے تاہم بیشتر روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹر اب بھی زائد کرائے وصول کر رہے ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 9 سے 10 روپے تک کی ریکارڈکمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں کرایوں میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرایوں میں کمی عاشورہ کے بعد متوقع ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے، آئندہ ایک سے دو روز میں فی کلو قیمت میں ساڑھے17کمی کی جائے گی، گھریلو سلنڈر 206جبکہ کمرشل سلنڈر 795روپے سستا ہوگا۔ عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 148ڈالر فی میٹرک ٹن کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 753ڈالر سے کم ہو کر 605ڈالر فی ٹن پر آگئی۔ جس کے بعد لوکل مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 17روپے 50پیسہ، 206گھریلو سلنڈر، 795روپے کمرشل سلنڈر اور 17500روپے فی میٹرک ٹن کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا کہ قیمت میں کمی خوش آئند بات ہے۔ چیئرمین آل پاکستان گڈز ایسوسی ایشن فرید قریشی نے کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی سے اشیائے خورد و نوش 15 فیصد سستی ہوں گی۔ 10 روز میں دالیں، چاول، چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عوام تک منتقل کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ جلالپور بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق ضلع حافظ آباد ٹرانسپوٹروں نے کرائیوں میں دس فیصد کمی کا اعلان کردیا۔فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، لاہور، پنڈی بھٹیاں، سکھیکی، کالیکی، جلالپور بھٹیاں کے روٹس پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرائے دس فیصد کم کر دیئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن کے ضلعی رہنماء محمد اقبال المعروف بالی نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود صوبائی دارالحکومت میں چینی کے سوائے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں سے کسی چیز کی قیمت میں کمی نہیں ہوئی بلکہ الٹا 18سبزیوں، 10پھلوں کی قیمتوں میں 7 روپے تک جبکہ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا۔ روٹی اور نان بھی سستے نہ ہو سکے۔20کلو آٹے کے تھیلا کی قیمت 785 روپے رہی۔ شہر بھر میں سادہ روٹی 6 روپے سے 8 روپے، خمیری روٹی اور سادہ نان 10روپے میں فروخت ہوتے رہے، 16کلو گھی کے درجہ اول کنستر کی قیمت 2500 روپے اور درجہ دوم گھی کے کنستر کی قیمت 2200 روپے رہی۔ صرف 100کلو چینی کی بوری کی قیمت میں 20 روپے کمی ہوئی۔ اس کا ریٹ 5480 روپے سے کم ہو کر 5460 روپے ہو گیا۔ اس کی وجہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی نہیں بلکہ چینی کا سٹاک سرپلس ہونا ہے۔ ایک کلوآلو کچا چھلکاکی قیمت 2 روپے اضافے سے 57 روپے، ادرک تھائی لینڈ 2 روپے اضافے سے 170، ادرک سنگاپور4 روپے اضافے سے 193، پھلیاں 2 روپے اضافے سے 42، پالک 4 روپے اضافے سے 27، بینگن 2 روپے اضافے سے 21 ، کھیرا دیسی 4 روپے اضافے سے 57،کریلے 6 روپے اضافے سے 64، لیموں چائنہ 3 روپے اضافے سے61، سبز مرچ فارمی 4 روپے اضافے سے42، سبز مرچ دیسی 4 روپے اضافے سے 57، شملہ مرچ 6 روپے اضافے سے106،گھیا کدو 5 روپے اضافے سے 32، مٹر7 روپے اضافے سے176، بھنڈی توری 2 روپے اضافے سے47 ، شلجم قیمت 2 روپے اضافے سے42، مونگرے2 روپے اضافے سے 91 روپے ہو گئے۔ پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کلو اول کی قیمت 2روپے اضافے سے 118روپے، سیب سفید ایک روپے اضافے سے37، سیب امری ایک روپے اضافے سے48، انار بیدانہ 3 روپے اضافے سے196،کنو درجن ایک روپے اضافے سے18، ،انار قندھاری کی قیمت7 اضافے سے 152 روپے ، گرما 6 روپے اضافے سے64، آم انور رٹول 2 روپے اضافے سے 106، آم دیسی 7 روپے اضافے سے 44، انار قندھاری 8 روپے اضافے سے 124 ،گنڈیریاں4 روپے اضافے سے 42،کیلا اول درجن 6 اضافے سے 64 ، ناشپاتی 7روپے اضافے سے 106، مسمی درجن 3 روپے اضافے سے 88 روپے ہو گئی۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوا، اس کا ریٹ 160روپے سے بڑھ کر 162روپے ہو گیا۔ عوامی حلقوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہ کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو فوری طور پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اپنے محکموں کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں موثر انداز میں کمی کرائیں۔ کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو چینی ڈھائی روپے سستی ہو گئی۔ دوسری جانب فلور ملز نے ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت میں ایک روپیہ اضافہ کر دیا ہے فی کلو 37 روپے سے بڑھ کر 38 روپے کا ہو گیا۔