داعش مخالف مہم اسلام دشمنی میں تبدیل، آسٹریلیا، کینیڈا میں مسلمانوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں

Nov 02, 2014

سڈنی +  ٹورنٹو (اے پی اے+نیٹ نیوز) مختلف مغربی ممالک کی طرح آسٹریلیا اور کینیڈا میں بھی مسلم دشمنی سر اٹھانے لگی۔ دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے بعد مقامی لوگوں نے عام مسلمانوں کو نفرت انگیز حملوں کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ اسلام اور حجاب دشمنی کی یہ تحریک آسٹریلیا کے علاوہ مغربی ممالک میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔آسٹریلیا اور کینیڈا میں مقامی افراد مسلمانوں کو بدترین انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ چند دنوں میں تیس حملوں میں حجاب پہننے والی خواتین، مذہبی رہنماؤں اور مسجدوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک مسلمان خاتون کا حجاب نوچ کر نہ صرف آگ لگائی گئی بلکہ خاتون پر گرم چائے کا کپ بھی انڈیل دیا گیا۔ مسلم دشمنی میں جنون کا شکار افراد نے برسبین شہر کی ایک مسجد پر بھی حملہ کیا جبکہ آسٹریلین فورسز نے انسداد دہشت گردی کے نام پر کئے جانے والے آپریشن میں اب تک کئی مسلمانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ کینیڈا میں بھی مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ مسلمانوں کو شدید دھمکیوں اور بسوں میں سفر کے دوران نسلی حملوں کا سامنا ہے۔ مسلمان طلبہ کو بھی سکولوں میں تعصب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ آسٹریلیا میں اسلام مخالف شدت پسند رات کے اندھیرے میں دھوکہ کھا گئے اور سکھوں کے گردوارے پر مسجد سمجھ کرنازیبا الفاظ لکھ گئے۔ یہ کارروائی دو لڑکیوں نے کی۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے ایک نے دوسرے کے کندھے پر چڑھ کر گردوارے کی دیواروں پر اسپرے کی مدد سے اسلام مخالف نازیبا الفاظ لکھے۔ گوردوارے کی انتظامیہ کا کہنا ہے گوردوارے کی عمارت کو جو نقصان پہنچایا گیا اس کی مرمت کیلئے 40 ہزار ڈالر کی رقم خرچ ہو گی۔

مزیدخبریں