اسلام آباد (آن لائن) سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے، موجودہ حکومت کی کمزوریاں جنرل راحیل شریف کی مقبولیت کا باعث ہیں۔ ایک میگزین کو دئیے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے کسی صورت دبائو میں نہیں آئیگا اور نہ ہی ایٹمی پروگرام کو محدود کرنے کی کسی کوشش اور سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ اس حوالے سے بعض عناصر غلط فہمیاں پھیلا کر ملک میں ابہام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ نیوکلیئر پروگرام کے بارے میں پاکستان کی پالیسی بڑی واضح اور حقیقت پر مبنی ہے اسکو آج تک کوئی چیلنج نہیں کرسکا۔ آج بھی فوج داخلی اور خارجی محاذوں پر لڑ رہی ہے۔ آپریشن ضربِ عضب بھی تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ خیبر سے کراچی تک اور گوادر سے گلگت تک فوج نے امن و امان کی بحالی ، دہشت گردی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا۔