اسلام آباد (اے پی پی + وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد توانائی بحران پر قابو پانے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور معاشی استحکام پر توجہ مرکوز کی اور شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ 2018ء تک نیشنل گرڈ میں 14 ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو گی اور داسو، نیلم جہلم، بھاشا، دیامر اور تربیلا ڈیم کی اپ گریڈیشن سمیت ملک میں توانائی کے متعدد منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہو گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس نیٹ میں 33 فیصد تک اضافہ کیا ہے اور اسے مزید موثر بنانے کیلئے ٹیکس اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت افراطِ زر کی شرح کم ہوئی ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ متحدہ قومی موومنٹ جلد پارلیمنٹ میں واپس آ جائیگی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر لیپک نے ملاقات کی اور زلزلہ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ اسحاق ڈار نے امداد کی پیشکش پر ایشیائی بنک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امدادی سرگرمیاں اپنے وسائل سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔