الخلیل (اے این این) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں پانچ فلسطینی شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں لاکھوں فلسطینیوں کے ایک جم غفیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلسطینی اتھارٹی کے عہدیداروں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ خیال رہے کہ اسرائیلی حکام نے فلسطین کے الخلیل شہر میں شہید کیے گئے کئی فلسطینیوں کے جسد خاکی اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں۔ ان میں سے پانچ شہدا کے جسد خاکی گذشتہ روز ورثا کے حوالے کیے گئے تھے۔ الخلیل شہر میں ان کی اجتماعی نماز جنازہ کا اہتمام کیا گیا جس میں لاکھوں فلسطینیوں نے شرکت کی۔ عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ پانچ فلسطینی شہیدوں بیان العسیلی، دانیہ ارشید، حسام بشار الجعبری، طارق النتشہ کی نماز جنازہ الخلیل کے وسط میں جامع مسجد حسین بن علی میں ادا کی گئی جس کے بعد تمام شہدا کو الخلیل میں شہدا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہدا کی نماز جنازے کے دوران جذبات اور رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ مشتعل اور غم سے نڈھال فلسطینی شہریوں نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھام کر شہدا کی میتوں کو کندھا دیا۔ جنازے کے شرکاء نے صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطینی تحریک انتفاضہ کی حمایت میں نعرے بازی بھی کی۔