پشاور (اے پی پی+صباح نیوز) پاک فوج کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن ساتویں روز بھی خیبر پی کے اور فاٹا کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں جاری رہا‘پاک آرمی کی ٹیموں نے سول انتظامیہ کے ہمراہ سوات، دیر ، بونیر ، شانگلہ ، چترال ، خیبر ایجنسی ، کرم اور اورکزئی ایجنسی کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میںامدادی اشیاء تقسیم کیں ۔ پاک فوج کے پچاس سے زائد امدادی کیمپ متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کر رہے ہیں۔گزشتہ 24گھنٹوں میں تقریباََ تین ہزار فیملیز کو خورد ونوش کے تھیلے اور ٹینٹ مہیا کئے گئے ۔ آرمی ڈاکٹروں پر مشتمل 19ٹیموں نے دو ہزار سے زائد مریض جن میں عورتیں اور بچے شامل تھے اُن کا مفت علاج کیا اور اُنھیں اُدویات فراہم کیں۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کا پٹروں نے 5ٹن سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جبکہ 6مریضوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ آرمی انجینئرز نے لواری ٹنل سے دروش روڈ ، بحرین سے کا لام روڈ اور کالام سے اتروڈ روڈ سے تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر ٹریفک کیلئے بحال کردیا ہے۔ پاک بحریہ نے سوات کے زلزلہ سے متاثرہ افراد کو امدادی اشیا فراہم کی ہیں۔ پاک بحریہ کے ایک ترجمان کے مطابق زلزلہ زدگان میں خیمے، کمبل، ادویات اور خشک راشن سمیت سات ٹن امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا۔پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے متاثرہ دیہات میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے ہیں۔