لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ جونیئر ایشیا کپ میں بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر محنت کی جا رہی ہے۔ ملائیشیا روانگی سے قبل 7 نومبر کو پاکستان وائٹس اور جونیئر ٹ یم کے درمیان پریکٹس میچ کرایا جائے گا۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طاہر زمان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی نے ایشیا کپ کے لیے جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے ان پر محنت کی جا رہی ہے۔ بغیر کسی وقفے کے کیمپ 8 نومبر تک جاری رہے گا جبکہ پاکستان ٹیم 9 نومبر کو ملائیشیا کے لیے روانہ ہو جائے گی جہاں جونیئر ایشیا کپ 14 سے 22 نومبر تک کھیلا جائیگا۔ جونیئر کھلاڑیوں کو ایک سال بعد کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جس کی بنا پر ان میں بہت ساری خامیاں موجود ہیں جن کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے کھلاڑی جو ایشیا کپ کے سکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں ایسا ہرگز نہیں ہے کہ ان میں ٹیلنٹ کی کمی ہے، ہمارے لیے ایشیا کپ میں وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہے وقت کی کمی کے باعث ایک مضبوط سکواڈ کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔ ایشیا کپ کے بعد ہمارے پاس اچھا ٹائم ہوگا جس میں ان تمام کھلاڑیوں کی خامیوں کو بھی دور کرنے کی کوشش کرینگے جو اس مرتبہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔