کراچی(خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے زیر اہتمام پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز پر آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا جنرل ورکرز اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکین رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری، سید امین الحق سمیت بڑی تعداد میں اے پی ایم ایس او کے طلباءو طالبات نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کو ہم نے لندن سے لاتعلقی کی ہے 11 جون 1978ءسے لاتعلقی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی تاریخ میں اے پی ایم ایس او کو جو اہمیت حاصل ہے وہ کسی دوسری سیاسی جماعت میں اس کی طلبہ تنظیم کو حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او تاریخ کی واحد تنظیم ہے جس نے ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجلاس میں آپ لوگوں کی اس قدر بڑی تعداد میں شرکت یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ سب 23 اگست کے اقدام کی حکمت کو سمجھ کر یہاں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی صوبائی و قومی اسمبلیوں میں سیاسی بلوغط، مواد اور انداز اگر کسی کی تقریر کا ہوتا ہے تو ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کا ہوتا جو کہ اے پی ایم ایس او کی تربیت کے سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ برے سے برے حال میں بھی ہم نے اے پی ایم ایس او کے چند بنیادی اصولوں کو ملکی سیاست میں بچائے رکھا ہے۔ ڈپٹی کنونیر خالد مقبول صدیقی‘رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری نے بھی خطاب کیا۔
فاروق ستار
لندن سے لاتعلقی کی ہے 11 جون1978ءسے نہیں:فاروق ستار
Nov 02, 2016