ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمشن میں کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کر دی

Nov 02, 2016

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمشن میں ہونے والی کارووائی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جہانگیر ترین کیخلاف الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ریفرنس کی نقول طلب کر لیں۔ فاضل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے بدنیتی اور من گھڑت الزامات کی بنیاد پر درخواست گزار جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس بھجوایا۔ آج دو نومبر کو الیکشن کمشن جہانگیر ترین کیخلاف ریفرنس پر حتمی فیصلہ سنانے جا رہا ہے۔ جہانگیر ترین کے وکیل کے مطابق الیکشن کمشن نے فیصلہ سنایا تو سپیکر کے حکم کی تجدید ہو گی۔ جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی بے چینی بے معنی اور قبل ازوقت ہے۔ چیف جسٹس نے باور کرایا کہ ہائیکورٹ کو ایسے فیصلوں کے عدالتی جائزہ کا اختیار ہے۔ اس لیے الیکشن کمشن کو فیصلہ کرنے دیں ضروری ہوا تو فیصلے کا جائزہ لیں گے۔ فاضل عدالت نے مزید سماعت 15نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمشن اور وفاقی حکومت سے جہانگیر ترین کیخلاف ریفرنس کی نقول طلب کر لیں۔

مزیدخبریں