سٹاک مارکیٹ: دھرنا منسوخ ہونے پر زبردست تیزی،19 ماہ بعد1400 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی(مارکیٹ رپورٹر) سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس پر پیش رفت کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج و دھرنے کی کال مئوخر کئے جانے کے اعلان اور سٹینڈرڈ اینڈ پورز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بلند کرنے پر سرمایہ کاروں نے ایک بار پھر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا رخ کر لیا جس کے باعث گذشتہ ایک ہفتے شدید ترین مندے سے دوچار رہنے والی سٹاک مارکیٹ سے مندے کے بادل چھٹ گئے او رتقریبا19ماہ بعد انڈیکس میں 1400سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مارکیٹ 41000پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر دوبار بحال ہو گئی ۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں2کھرب75 ارب کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے سرمائے کاحجم80کھرب روپے سے بڑھ کر83کھرب روپے کی سطح پرجاپہنچا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحان دیکھا گیا تاہم سیاسی افق پر چھائے بے یقینی کی کیفیت کے بادل چھٹتے ہی سرمایہ کارمتحرک دکھائی دیے اور انہوں نے توانائی ،بینکنگ ،گیس ،ٹیلی کام اور سٹیل سکٹر میں بھر پور سرمایہ کاری کی جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کی 14بالائی حد عبور کرنے کے ساتھ اس سطح کو کاروبار کے اختتام پر برقرار رکھنے میں کامیاب بھی رہا اور ایک سال7ماہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مارکیٹ میں 1400سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا ا س سے قبل 31مارچ2015ء کو انڈیکس کاروباری تیزی کے باعث 1307پوائنٹس بڑھا تھا ۔ منگل کو کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں1406.03پوائنٹس کااضافہ ریکارڈکیاگیا جس سے انڈیکس39893.84پوائنٹس سے بڑھ کر41299.87پوائنٹس پرجاپہنچا منگل کومارکیٹ میں50کروڑ65لاکھ حصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو17ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ پیرکے روز23کروڑ71لاکھ16ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو7ارب روپے تک محدودرہی تھی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمنگل کے روز مجموعی طورپر440کمپنیوںکاکاروبارہواجس میں سے388کمپنیوںکے حصص کی قیمتوںمیںاضافہ،39میںکمی اور13کمپنیوںکے حصص کی قیمتوںمیںاستحکام رہا۔

ای پیپر دی نیشن