کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی محمد معین عامر پیرازدہ، سید قمر عباس رضوی، جمال احمد، نشاط قادری اور نائیلہ منیر نے سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر قرارداد جمع کروا دی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے صوبائیت کو ابھارنے کی دھمکیاں دیکر پوری قوم کا استحقاق مجروح کیا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ قرارداد میں سندھ اسمبلی کے ارکان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت تک اپنی تشویش سے آگاہ کریں کہ وطن عزیزکے خلاف ادا کئے گئے گستاخانہ کلمات پاکستان سے غداری کے زمرے میںآتے ہیں اس لئے پرویز خٹک کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی عمل میںلائی جائے۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے عمران خان کی طرف سے دھرنا ملتوی کرنے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ ملک کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت اور تحریک انصاف کو مشورہ دیا کہ ملک نازک صورتحال سے دوچار ہے اور ایسے میں دور رس اور وسیع تر مفادات کے فیصلے کرنا ہی ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے بہتر ہیں۔ علاوہ ازیںمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں لنگر انداز بحری جہاز میں دھماکہ اور اس کے نتیجے میں آتشزدگی کے باعث متعدد افراد کے جھلس کر جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا علاقہ انتہائی حساس ہے اور یہاں بحری جہاز میں آتشزدگی کا واقعہ نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا ساخشانہ ہے جس کی تحقیقات کرواکر غفلت کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
پرویز خٹک پر غداری کا مقدمہ درج کرایا جائے: متحدہ کی سندھ اسمبلی میں قرارداد
Nov 02, 2016