لاہور+ لندن (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے پی ٹی آئی کے آج جلسے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک نے دھرنے میں شرکت کی حامی بھری تھی اب تحریک انصاف نے دھرنا ختم کردیا ہے۔ ہم سے مشاورت نہیں کی۔ پہلے بھی ہم سے مشاورت نہیں کی گئی تھی، یوم تشکر منانا اور جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے ہم جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔ خصوصی نامہ نگارکے مطابق طاہر القادری نے کہاجب کچھ کھو جاتا ہے تو انا اللہ وانا الیہ راجعون پڑھتے ہیں، میرے پاس تبصرہ کیلئے اس سے بہتر الفاظ نہیں ہیں۔ جب کچھ کھو جاتا ہے تو یہی قرآنی آیت پڑھتے ہیں۔ لگتا ہے پانامہ لیکس کا معاملہ کہیں کھو گیا۔ سپریم کورٹ نے ٹی او آر بنائے تو پھر کوئی سیاسی جماعت اس میں ’’اف اینڈ بٹ ‘‘کا اضافہ نہیں کر سکے گی۔رواں ماہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ریٹائر ہونا ہے پھر نیا چیف آئے گا۔بنچ بھی بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں۔ حکومت اداروں سمیت سب سے کھیل کھیلتی ہے۔ اب بھی کھیل کھیلا جارہاہے ۔کیا حکومت پانامہ لیکس کے احتساب کا آغاز وزیراعظم سے شروع کرنے کے فیصلے کو مان لے گی؟پانامہ لیکس سے متعلقہ جملہ ریکارڈ تو حکومت نے ہی دینا ہے کیا وہ آسانی اور سہولت کے ساتھ اپنے ہی خلاف یہ ریکارڈ مہیا کرے گی۔سابق دور حکومت میں سپریم کورٹ کے بار بار کہنے پر اس وقت کے وزیراعظم نے ایک خط نہیں لکھا تھا۔اب نااہلی یقینی بنانے والا ریکارڈ کیسے فراہم ہو گا یہ دیکھنے اور سوچنے کی بات ہے۔پانامہ لیکس کا کھیل اب قوم دیر تک دیکھے گی۔ اس حوالے سے اپنا تفصیلی موقف آئندہ چند روز میں دوں گا۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے آج پریڈ گرائونڈ میں ہونے والے یوم تشکرکے جلسے میں ق لیگ نے بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ق لیگ کی قیادت نے کہا ہے عمران خان نے دھر نا نہ دینے کے اعلان سے پہلے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی سینئر قیادت نے کارکنوں کو تحریک انصاف کے ہونے والے جلسے میں شرکت کرنے سے روک دیا ہے۔