بھارتی ہائی کمشن کے مزید 2 اہلکار تخریب کاری کا نیٹ ورک چلانے میں ملوث ہونے کا انکشاف, دونوں کوپاکستان چھوڑنے کا حکم دیا جائے گا

 پاکستان میں بھارتی ہائی کمشن کے مزید 2 اہلکاروں کے تخریب کاری کا نیٹ ورک چلانے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان دونوں اہلکاروں کو جلد پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کلبھوشن کے بعد پاکستان میں بھارت کا ایک اور جاسوسی نیٹ ورک پکڑا گیا ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی سفارتخانے کے دو اہلکار تخریب کاری کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ ان اہلکاروں میں راجیش کمار اگنی ہوتری کمرشل قونصلر کے لبادے میں تعینات ہے جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی آئی بی کا افسر بلبیر سنگھ بھی فرسٹ سیکرٹری پریس انفارمیشن کے لبادے میں تعینات ہے۔ ذرائع کے مطابق راجیش کمار اگنی ہوتری تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے اور بلبیر سنگھ بھی آئی بی کے کارندوں کے ذریعے پاکستان میں تخریبی کارروائیاں کرانے میں سرگرم عمل ہے۔ پاکستان سے ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر نکالا جانے والا سرجیت سنگھ بھی بلبیر سنگھ کے نیٹ ورک کا حصہ تھا جس نے عبدالحفیظ کے نام سے موبائل فون کمپنی کا جعلی کارڈ بھی بنوا رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ نیٹ ورک بلوچستان میں ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں کرتا تھا جبکہ کراچی، فاٹا اور پشاور بھی اس کے نشانوں پر تھے اور سرحد پار بھی ان کے رابطے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے ان دونوں اہلکاروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے بعد یہ معاملات سامنے آئے ہیں اور اب سرجیت سنگھ کی طرح انہیں بھی ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیدیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن