2عشروں سے چھائے اندھیرے چھٹ رہے ہیں، ہم نے قوم کو مسائل سے نجات دلائی : شہباز شریف

لاہور، لندن (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی قیام امن اور توانائی بحران کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور ورثے میں ملنے والی تباہ حال معیشت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ۔ آئندہ نسلوں کو پرامن، خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان دینے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیاہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی انتھک محنت اور مخلصانہ کاوشوں کے باعث پاکستان درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے اور آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں کہیں زیادہ پرامن، مضبوط اور خوشحال ہے۔ گزشتہ 2 عشروں سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ گئے ہیں اور بجلی کی قلت کے باعث اندھیروں میں ڈوبا ہوا ملک روشنیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ توانائی کے متعدد منصوبوں کے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں توانائی کے چار بڑے منصوبے مکمل کئے گئے ہیںجبکہ جاری منصوبوں کی تکمیل سے مستقبل میں بجلی وافرہوگی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں توانائی کے بحران نے قومی معیشت سمیت سے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا تھا۔ توانائی بحران، بیمار معیشت اور تباہ حال ادارے سابق کرپٹ حکمرانوں کے تحفے تھے،ہم نے قوم کو ان مسائل سے نجات دلائی ہے ۔سابق حکمرانوں نے غریب عوام کی محنت کی کمائی کوبے دردی سے لوٹا اور ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔ میرٹ کو پامال کرکے باصلاحیت نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم کیا۔ سابق حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں لوٹ مار اور کرپشن کا ایسا بازار گرم کیا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکتی۔ ان حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کے باعث ہی ملک میں غربت، افلاس اور مایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں نے غریب عوام کا حق چھینا،جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا سفر شروع کیا تو دھرنا گروپ آ گیااور دھرنوں سے ترقی کا عمل متاثر ہوا اورمنصوبوں میں تاخیر ہوئی،دھرنا سیاستدانوں نے مشکلات میں گھری قوم کے مسائل میںمزید اضافہ کیا۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ترقی کے سفر کو تنزلی کا سفر بنانے کی ناکام کوشش کی۔ عوام ان کے عزائم کو بھانپ گئے اور اس لئے ان کے منفی کردار سے لاتعلق رہے۔ دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے ان عناصر نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔2018 کے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام انہیں ایک بار پھر مسترد کر دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن