اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پی آئی اے بزنس پلان کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے اور پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے سلسلے میں مجوزہ حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے مفاہمت کے سمجھوتوں کی منظوری دے دی ہے ۔ کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان اور جمہوریہ ماریشس کی حکومت کے درمیان سیاحت کے فروغ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور بیلاروس کی بیلاروسین سٹیٹ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کے درمیان تعاون کے سمجھوتہ پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور بیلاروسین سٹیٹ یونیورسٹی آف انفارمیٹکس ان ریڈیو الیکٹرانکس کے درمیان تعاون کے معاہدہ پر دستخط کرنے سے متعلق سمری کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں ایجوکیشنل اسٹیبلشمنٹ (بیلاروسین سٹیٹ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی آف فزیکل کلچر) منسک جمہوریہ بیلاروس اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان تعاون کے معاہدہ پر دستخط کرنے سے متعلق سمری بھی منظور کی گئی۔ کابینہ نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے سلمان بن عبداللہ اے بی اے الخلیل سنٹر برائے انٹر ڈسپلنری ریسرچ ان بیسک سائنسز اور بیلاروسین سٹیٹ یونیورسٹی (بی ایس یو) بیلاروس کے درمیان اکیڈمک اینڈ ریسرچ کوآپریشن سے متعلق معاہدہ پر دستخط کرنے کی سمری کی بھی منظوری دی۔ علاوہ ازیں جمہوریہ پولینڈ کی حکومت کی جانب سے پولینڈ میں پاکستان کے سابق سفیر خالد میمن کو کمانڈرز کراس آف دی آرڈر آف میرٹ کے اعزاز کے لئے این او سی کی منظوری دی گئی۔ جمہوریہ ترکی کی حکومت کی جانب سے ایئرچیف مارشل سہیل امان کے لئے دی لیجن آف میرٹ کا فوجی ایوارڈ جبکہ امریکی حکومت کی جانب سے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کے لئے دی لیجن آف میرٹ کا اعزاز قبول کرنے کے سلسلے میں موثر بہ ماضی منظوری دی۔ اسی طرح کابینہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن اور نیشنل کمپنی قزاخ انفارمیشن ایجنسی کے درمیان مذاکرات شروع کرنے اور تعاون کے معاہدہ پر دستخط کرنے کی موثر بہ ماضی اصولی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز میں بہتری کے لئے مستقبل کے بزنس پلان اور حکمت عملی پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔