لاہور( کامرس رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو ٹیکس دہندگان کے سروںپر تلوار لٹکانے کی پالیسیاں ترتیب دینے کی بجائے آسانیاں پیدا کرے ، تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مدت میں 15نومبر تک توسیع کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 31دسمبر مقرر کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجر رہنماﺅں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مارکیٹوں میں پارکنگ اور تجاوزات سے پیدا ہونے والے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت نے ساری توجہ صرف ٹیکسز میں اضافے پر مرکوز کر رکھی ہے جبکہ دیرینہ مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دی جارہی ۔وزارت تجارت اور وزارت خزانہ کی جانب رابطوں کا فقدان ہے جس سے تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ایف بی آر کی ٹیکس دہندگان کے سروں پر تلوار لٹکانے کی پالیسی کسی طرح بھی ملکی معیشت کےلئے سود مند نہیں ۔
ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو آسانیاں فراہم کرے: اشرف بھٹی
Nov 02, 2017