سندھ میں جرمن سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے‘ قائمقام گورنر

کراچی(وقائع نگار) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی سے جرمنی کے سفیر Mr.Martin Kobler نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک جرمنی دوطرفہ تعلقات، صوبہ میں امن و امان کے قیام، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ، قومی معیشت کے استحکام، خوشحالی کے وژن کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات، سی پیک منصوبہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ پاک جرمنی دو طرفہ تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، صوبہ کے مختلف شعبوں میں جرمنی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو نگے، جرمن سرمایہ کاری سے خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستانی قوم پرعزم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، قومی معیشت کے استحکام، ترقیاتی کاموں با الخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری، نجی سیکٹر کے فعال کردار اور صنعتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ کے باعث لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں زراعت، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ، تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت کے حامل ہیں جہاں سرمایہ کاری سے فوری منافع یقینی ہے، اس کے علاوہ جرمن سرمایہ کار کوئلہ سے چلنے والے پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن