پنجاب بھر میں سموگ سے مطلع ابرآلود‘ ٹریفک نظام میں تعطل

Nov 02, 2017

اسلام آباد (محمد فہیم انور/ نوائے وقت نیوز) صوبہ پنجاب کے میدانی علاقوں کے بعد شمالی پنجاب‘ جہلم اور راولپنڈی‘ اسلام آباد میں بھی’’سموگ‘‘ کے باعث مطلع ابرآلود ہوگیا ہے۔ ماہرین موسمیات اور ماحولیات کے مطابق ’’سموگ‘‘ چاولوں کی فصل کی کٹائی کے بعد اسکے بھس کو جلانے سے فضاء میں تحلیل ہونے والے دھویں‘ ہوا میں موجود نمی اور دھند کے ملنے سے پیدا ہو جاتی ہے اور اس کیفیت سے شاہراؤں پر وزیبیلٹی شدید متاثر ہوتی ہے۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ’’سموگ‘‘ کی یہ صورتحال بھارتی پنجاب میں موجود فیکٹریوں/ کارخانوں سے نکلنے والے دھویں کے فضاء میں جا کر دھند اور نمی سے ملنے پر پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین طب کے مطابق ’’سموگ‘‘ کے باعث جو علاقے زیادہ متاثر ہوتے ہیں وہاں نظر کی حد میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ گلے میں خراش اور آنکھوں میں جلن کی بھی شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق ملتان میں صبح چھ سے آٹھ بجے تک وزیبیلٹی 150 میٹر تک آ گئی تھی۔ تاہم بدھ کی شب یہ 1200 میٹر تک امپرو ہوگئی تھی۔ ’’سموگ‘‘ کے بعد میدانی علاقوں میں ’’دھند‘‘ پھیلنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور دھندان علاقوں میں زیادہ ہوتی ہے۔ جہاں سبزہ باغات یا کھیت زیادہ ہونگے۔

مزیدخبریں