دو عشروں سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ رہے ہیں، ہم نے قوم کو مسائل سے نجات دلائی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی قیام امن اور توانائی بحران کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور ورثے میں ملنے والی تباہ حال معیشت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے۔ گزشتہ 2 عشروں سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ گئے ہیں اور بجلی کی قلت کے باعث اندھیروں میں ڈوبا ہوا ملک روشنیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ توانائی کے متعدد منصوبوں کے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار لندن میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں توانائی کے بحران نے قومی معیشت سمیت سے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا تھا۔ توانائی بحران، بیمار معیشت اور تباہ حال ادارے سابق کرپٹ حکمرانوں کے تحفے تھے، ہم نے قوم کو ان مسائل سے نجات دلائی ہے۔ سابق حکمرانوں نے لوٹ مار اور کرپشن کا ایسا بازار گرم کیا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکتی کہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں نے غریب عوام کا حق چھینا، جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آ کر ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا سفر شروع کیا تو دھرنا گروپ آ گیا ۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ترقی کے سفر کو تنزلی کا سفر بنانے کی ناکام کوشش کی۔ عوام ان کے عزائم کو بھانپ گئے اور اس لئے ان کے منفی کردار سے لاتعلق رہیں۔لندن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعلی نے کہا افواہیں بے بنیاد ہیں اسحاق ڈار سیاسی پناہ نہیں لے رہے وہ پاکستان جائیں گے۔ اب ہم پنجاب کے تمام افسروں کو لاہور بلاتے ہیں۔ بدتمیزی کا جواب بدتمیزی سے نہیںدیں گے۔ نواز شریف بھی پاکستان جارہے ہیں ہمیں پہلے بھی عدالتوںمیں گھیسٹا گیا۔ اپنا کلچر خراب نہیں کرنا چاہتے، عدالتوں میں قانون کے مطابق پیش ہوںگے۔

ای پیپر دی نیشن