اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میجر(ر) سید باقر حسین بخاری نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ اور خطے کے امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے ، عالمی استعمار بھارت کو اپنا فطری اتحادی قرار دے کر پاکستان کو بڑی جنگ میں گھسیٹنا چاہتا ہے جس کا مقصد بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا اور پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا ہے ، اگر پاکستان نے بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا شروع کیا تو پھر حالات قابو میں نہیں رہے گے جس کی تما م تر ذمہ دار بھارت اوراستعماری سرغنے پر ہو گی، اسیران کر بلا نے مقصد شہادت حسین ؑ کو اجاگر کرنے کیلئے پابند سلاسل ہونے کے باوجود یزیدی ایوانوں میں توحید و رسالت اور وحی و الہام کیخلاف یزیدی سامراج کے منفی پروپیگنڈے کو خاک میں ملا کر پرچم دین و شریعت تا ابد سر بلند کر دیا۔ اس امر کا اظہار انہو ں نے باب العلم میموریل ہال میں عشرہ اسیران کربلا کی مناسبت سے خواتین کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور نمائند ہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔