لاہور (افتخار عالم، جاوید الرحمن، دی نیشن رپورٹ) لاہور میں حکومت اور مظاہین کے درمیان مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہو گئے ہیں اور تحریک لبیک کی قیادت نے آج (جمعہ کو) ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال دیدی ہے۔ وزرا نے گزشتہ نصف شب تک تحریک لبیک کے رہنماﺅں سے 3 گھنٹے مذاکرات کئے اور انہیں پرامن طریقے سے منتشر ہونے پر قائل نہ کر سکے، حکومتی کوششوں کے باعث دوسری اہم مذہبی جماعتوں نے اپنا موقف نرم کیا ہے اور وہ تشدد کے بجائے آسیہ کیس کی نظرثانی اپیل پر حمایت کر سکتی ہیں۔ مزید تشدد سے بچنے کیلئے 90 مال روڈ پر وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر خوراک، سکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان، وزیر اوقاف سعید الحسن اور وزیر قانون راجہ بشارت نے تحریک لبیک کے رہنماﺅں سے مذاکرات کئے لیکن کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ تحریک لبیک کے چیئرمین پیر افضل قادری نے کہا کہ وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مظاہرین سے کہا کہ وہ دھرنوں میں ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج (جمعہ کو) خادم حسین رضوی کی اپیل پر ملک بھر میں ہڑتال ہو گی۔ اس اعلان کے موقع پر خادم حسین رضوی بھی موجود تھے۔
مذاکرات ناکام
حکومت اور مظاہین کے درمیان مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار
Nov 02, 2018