پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ہائیکورٹ میں چیلنج، ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرائے بڑھا دیے

Nov 02, 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ آئی این پی+ آن لائن) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے اور درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی لیکن حکومت نے اس کے برعکس غیرقانونی اضافہ کر دیا ہے۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور وفاقی حکومت اوگرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ اضافے سے ملک بھر میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، 17 فیصد سے زائد اضافی سیل ٹیکس وصولی غیر آئینی ہے ۔ قیمتوں میں کمی کا حکم دےا جائے۔ دریں اثناءپنجاب اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف پیپلزپارٹی کے حسن مرتضیٰ اور مخدوم عثمان محمود نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی، کرایوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ حکومت اضافہ فوری واپس لے۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان نے کہا ہے بجلی، گیس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بہت بڑا ظالمانہ اقدام ہے، اس سے مہنگائی اور ٹرانسپورٹ کرایوںمیں مزید اضافہ ہو گا۔دریں اثنا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں ازخود اضافہ کر دیا ہے۔ مسافروں کا کہنا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی ٹرانسپورٹروں نے دس سے بیس فیصد مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا شروع کر دیا جبکہ ٹرانسپورٹروں کا کہنا تاحال انہوں نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا مسافر پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔
پٹرولیم اضافہ/چیلنج

مزیدخبریں