شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست یہ ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرے گی عثمان بزدار

Nov 02, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست یہ ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔ کسی کو بھی شہریوں کے روز مرہ کے معمولات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کاروبار زندگی کو رواں دواں رکھنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے اور روز مرہ کے معمولات میں رکاوٹ پیدا نہیں ہونی چاہئے۔ ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے اور ہم نے قیام امن کے ساتھ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کرنا ہے۔ عثمان بزدارنے سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صدر امان اللہ کنرانی اور سیکرٹری عظمت اللہ چوہدری کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
عثمان بزدار

مزیدخبریں