اسلام آباد/کراچی(نا مہ نگار/وقائع نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کواختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان پہنچانے کے کیس میں بذریعہ اشتہار طلب کر لیا۔عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو 22نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے،کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی،عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی کاروائی شروع کردی،عدالت نے بذریعہ اشتہار سابق وزیراعظم کو عدالتی پیشی سے متعلق آگاہ کرنے کا حکم دیا،عدالت نے بذریعہ اشتہار طلبی کی تعمیلی رپورٹ طلب کرلی جس کی روشنی میں شوکت عزیز کو اشتہار قرار دیا جائے گا،آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم شوکت عزیز کو اشتہاری ملزم قرار دینے جانے کا امکان ہے کیونکہ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کرچکی ہے،سابق وزیراعظم پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ دریں اثنانیب سندھ نے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو پیر 5 نومبر کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق قائم علی شاہ کے خلاف ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمینیں یکجا اور ایکسچینج کرنے پر تحقیقات جاری ہیں۔ قائم علی شاہ 5 نومبر کی دوپہر دوبجے تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ نیب ضلع ملیر میں ہزاروں ایکڑ زمین کی منتقلی سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے۔
شوکت عزیز، قائم شاہ