خالی پیٹ کب تک کھیلیں، قومی ہاکی کھلاڑیوں کا شکوہ

Nov 02, 2018

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے کیمپ کا اعلان تو کردیا گیا ہے تاہم قومی کھیل سے روا رکھے جانے والے سلوک پر کھلاڑی بہت پریشان ہے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے عہدیدار اگر حکومت کو قبول نہیں تواس میں کھلاڑیوں کا کیا قصور ہے ،ایشین چیمپئنز ٹرافی میں گولڈ میڈل جیتا ہے لیکن حکومتی سطح پر کسی نے مبارکباد تک نہیں دی، ڈیلی الاؤنس ابھی تک نہیں ملا، خالی جیب آخر کب تک لڑتے رہیں گے، وزیراعظم تو خود سپورٹس مین ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ ہمارے سر پر ہاتھ رکھیں، حوصلہ شکنی اور عدم توجہی کا سلسلہ جاری رہا تو پھر بھارت جاکر کس طرح اچھی پرفارمنس دے سکیں گے۔پی ایچ ایف حکام کو فنڈز نہیں دینے تو حکومت خود پیسوں کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے اور تمام سہولیات فراہم کرے تاکہ ذہنی اور معاشی طورپر مطمئن ہوکر اعتماد کے ساتھ ہمسایہ ملک جاکر کھیل کھیلنے کے قابل ہوں۔ کھلاڑیوں نے ہاکی فیڈریشن حکام پر تمام صورت حال واضح کردی ہے اور ڈیلی الاونسز کی ادائیگی یقینی نہ بنانے کی صورت میں احتجاج کا بھی عندیہ دیا ہے۔ پی ایچ ایف کے ذمہ داروں نے کسی بدمزگی اور بدنامی سے بچنے کے لئے پیسوں کے لئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردئیے ہیں۔

مزیدخبریں