لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی نے آسیہ کیس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ نبی اکرمؐ کی حرمت کے تحفظ کیلئے مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت تمام طبقات متحد ہو جائیں۔ توہین رسالت کے واقعات کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان ملک کے نامور وکلاء اور قانون دان حضرات سے مشاورت اور قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے کر سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف نظرثانی کی اپیل دائر کر ے گی۔ اسی طرح دینی جماعتوں کے قائدین اور علماء کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ خیابان چورہ شریف لاہور میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی نے کہاکہ آسیہ کیس کے فیصلہ کے بعد ملک میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس موقع پر صحیح راستہ اختیار کرنے کی ذمہ داری تمام طبقات پر عائد ہوتی ہے کہ وہ تحفظ حرمت رسول کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔یہ ایسا مسئلہ ہے کہ اس پر ہر مسلمان اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا پاکستان دنیا کاایسا ملک ہے جہاں توہین رسالت کے واقعات کی روک تھام کیلئے باقاعدہ قانون موجود ہے۔ اس لئے تحفظ حرمت رسول کیلئے ایک واضح اور ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی نے کہاکہ حکومت ، عدلیہ اور دیگر اداروں کو مل کرتوہین رسالت ﷺکے ہر راستہ کو بند کرنا چاہیے۔ بین الاقوامی قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں شان رسالت ﷺمیں گستاخیوں کے واقعات ہوں اور پھر یہاں فتنے برپا کئے جائیں۔انہوں نے اپنے عقیدت مندوں کو ہدایت جاری کی کہ کسی جلاو گھیراو کے عمل کا حصہ نہیں بنیں پاکستان کی املاک کو نقصان ملک سے وفاداری نہیں۔