اسلام آباد:وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کہا ہے کہ معاملے کومذاکرات سے حل کرلیں گے اورمظاہرین کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ہم سب کو ساتھ لیکر جانا چاہتے ہیں، حکومت کی پراپوزیشن سے مکمل ہم آہنگی ، وزیراعظم کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریارآفریدی نے کہا کہ اللہ کے محبوب ﷺ اپنی امت کے لیے روئے ہیں، انہوں نے غیروں کوگلے لگایا، اگر گستاخی ثابت نہ ہو تو ہمیں خوش ہونا چاہیے، ہم سب کو ساتھ لے کر جانا چاہتے ہیں، حکومت کی اس معاملے پراپوزیشن سے مکمل ہم آہنگی ہے، وزیراعظم کو بھی مسلسل صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈر، سول، ملٹری، مدارس، خانقاہوں ہرجگہ سے مثبت پیغامات آرہے ہیں ، مظاہرین کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ہمیں طاقت کا استعمال نہیں کرنا، مظاہرین کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، معاملے کو مذاکرات سے حل کرلیں گے لیکن جلا ؤگھیرا ؤ ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا۔