لاہور (اپنے نامہ نگار سے) دو خواتین نے ایک ہی بچے کی ماں ہونے کا دعویٰ کر دیا۔ بچے کی دعویدار دونوں مائیں بچے کی حوالگی کے لئے سیشن عدالت پہنچ گئیں۔ عدالت نے بچوں اور خاوند کو گواہی کے لیے طلب کر لیا۔ درخواست گزار مہوش بی بی نے بچہ حوالگی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میرے چار بچے ہیں۔ نرگس نامی میری سوکن نے ایک بچہ ریحان مجھ سے چھین لیا۔ چار سالہ بیٹا واپس دلایا جائے۔ نرگس بی بی نے کہا کہ مہوش کی درخواست جھوٹی ہے، میرا بچہ جان بوجھ کرمجھ سے الگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عدالت نے بچے کی دعویدار دونوں ماؤں کو اپنے بیان حلفی عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے انکے خاوند کو گواہی کے لیے طلب کر لیا اور سماعت 2 نومبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔