لاہور، نارنگ منڈی، فیروز والا (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) غربت سے تنگ آکر 3 بچوں کی ماں، والدین کے ڈانٹنے، عشق میں ناکامی پر 19 سالہ لڑکے نے خود کشی کرلی۔ جبکہ کوٹ لکھپت کے علاقے میں نفسیاتی بیماری کا شکار 23 سالہ نوجوان نے پھندہ لیکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نارنگ منڈی کے نواحی گاڑوں شادی والا کوٹ راجپوتاں میں تین بچوں کی ماں (عاصمہ بی بی ) نے غربت اور تنگ دستی کے باعث گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ غربت کے باعث بچے اکثر بھوکے اور ماں پریشان رہتی تھی۔ گزشتہ روز اس نے خاوند سے جھگڑنے کے بعد زہر نگل لیا، معصوم بچے اپنی ماں کی نعش سے لپٹ کر روتے رہے۔ دوسری طرف فیروزوالہ میں جی ٹی روڈ کی آبادی امامیہ کالونی میں ارشد علی کا 20 سالہ بیٹا مزمل ارشد چند روز قبل والدین سے جھگڑ کر گھر سے غائب ہو گیا واپس آیا تو والدین نے ڈانٹ ڈپٹ کی جس پر نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ علاوہ ازیں رتن پورہ میں نوجوان اویس نے باپ سے جھگڑنے کے بعد خود کو گولی مار کر شدید زخمی کرلیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرادیا گیا پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرلی۔ مزید برآں کوٹ لکھپت کے علاقے چند رائے گائوں میں 23 سالہ نوید اہلخانہ کی غیر موجودگی میں گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق نوید ذہنی مریض تھا جو اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اپنے ماموں کے گھر عیادت کے لئے آیا ہوا تھا۔