لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ کامرس رپورٹر) ریلوے حکام کی لاپرواہی کے سبب سکھر ایکسپریس میں بھی آگ لگ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ 2 بوگیوں میں آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق شکار پور کے قریب سکھر ایکسپریس میں بھی آگ لگ گئی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا کر مسافروں کو ریسکیو کیا۔ پولیس کے مطابق آگ لوڈرا کے قریب شارٹ سرکٹ کے سبب بوگیوں کے درمیان ربڑ کے پائیدان کو لگی جس نے بعد ازاں دونوں بوگیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ ریلوے حکام نے بروقت اطلاع ملنے پر ٹرین روکی اور آگ سے متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کر دیا۔ آگ بجھانے کے بعد ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکھر ایکسپریس کراچی سے جیکب آباد جا رہی تھی۔ ڈی ایس ریلوے سکھر کے مطابق آگ لگنے کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے، جو آتشزدگی کے اسباب کا جائزہ لے کر کل تک رپورٹ جمع کرائے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق پہلے کبھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ تخریبی عنصر کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثناء کامرس رپورٹر کے مطابق پاکستان ریلوے کے ترجمان نے کہا ہے کہ سکھر ایکسپریس کے شکار پور اور سلطان کوٹ کے درمیان ٹرین کے کینٹ کپلر (دو بوگیوں کے درمیان تاروں کے سویچز) میں سپارکنگ کی وجہ سے معمولی دھواں نکلا جس پر فوری طور پر قابو پا کر ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔ اس واقعہ میں کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی ٹرین کی آمدورفت متاثر ہوئی۔