بال ٹمپرنگ کیس:احمد شہزاد کو میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ

Nov 02, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں بال ٹمپرنگ کیس میں سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے کپتان احمد شہزاد پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ سندھ کے سہیل خان اور سنٹرل پنجاب کے اظہر علی کو پی سی بی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر تنبیہ۔ تفصیلات کے مطابق احمد شہزادکو میچ میں گیند کی حالت بدلنے سے متعلق پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا ہے۔ گیند کی حالت تبدیل کرنے والے کھلاڑی کی شناخت نہ ہوپانے کے باعث احمد شہزاد کو نان آئیڈینٹی فکیشن کی بناء پر بطور کپتان چارج کیا گیا۔ میچ کے دوران سندھ کی پہلی اننگز میں 17ویں اوور میں آن فیلڈ امپائرز نے گیند کا معائنہ کیا تو اس میں تبدیلی دیکھی گئی۔ اس بناء پر آن فیلڈ امپائرز ضمیر حیدر اور محمد آصف نے احمد شہزاد کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔

مزیدخبریں