سڈنی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ میزبان آسٹریلوی ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا فاتحانہ آغاز کرینگے، انہوں نے کہا کہ ٹور میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف ابتدائی میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ کینگروز کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ کل اتوار کو سڈنی میں شیڈول ہے۔ اپنے ایک بیان میں فخر زمان نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ابتدائی میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں کامیابی کے لئے کسی ایک کھلاڑی پر فوکس کرنے کی بجائے پوری ٹیم کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔