لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمن ٹیموں کے درمیان دو ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ صبح دس بجے شروع ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔یہ میچز آئندہ ماہ ملائشیا میں انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزآئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔آٹھ ٹیموں پر مشتمل چیمپئن شپ میں پاکستان فی الحال پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ انگلینڈ کے خلاف کامیابی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2021میں براہ راست رسائی ممکن بنائے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ایک روزہ میچ گذشتہ سال اکتوبر میں کھیلا گیا ، جہاں میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کل 8 میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں 5 پاکستان اور 3 بنگلہ دیش نے جیتے۔ دونوں ٹیموں کی کپتان پاکستان کی بسمہ معروف اور بنگلہ دیش کے رومانہ نے ٹرافی تقریب رونمائی میں حصہ لیا۔ اس موقع پر بنگلہ دیش ٹیم کی کپتان رومانہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست کے بعد ون ڈے سیریز میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گی۔ ہماری ٹیم میں تین کھلاڑی واپسی آئی ہیں۔ تین کھلاڑیوں کی واپسی سے ہماری ٹیم مکمل ہوگئی ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں حصہ نہ لینے والی اہم کھلاڑی واپس آگئی ہیں۔ بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔ ہم نے تین نئی کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ٹیم پرفارمنس کی بنیاد پر بنائی گئی ہے کسی کھلاڑی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی گئی ہے۔ انعم امین ٹی ٹونٹی ٹیم کا ریگولر حصہ ہیں۔ فٹنس مسائل کی وجہ سے انہیں ون ڈے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ہماری ٹیم کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہو تی ہے۔ بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت ویمن کرکٹ سیریز دونوں ملکوں کی کرکٹ کے لئے اہم ہے۔ کھیل اور سیاست کو الگ الگ ہونا چاہیے۔