بھارتی آبی جارحیت: ہیڈ مرالہ کے مقام پر چناب میں پانی کی آمد صرف 5 ہزار 719 کیوسک رہ گئی

Nov 02, 2020

سیالکوٹ (نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر بیالیس سال پرانے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے پانی میں مزید کمی جاری رہی اور پانی کی آمد صرف پانچ ہزار سات سو انیس کیوسک رہ گئی جس کی وجہ سے دریائے چناب کا بہت بڑا حصہ خشک ہوگیا۔ دریائے چناب سے نکلنے والی نہر مرالہ راوی لنک مکمل بند ہونے کی وجہ سے خشک ہوگئی جبکہ دوسری نہر اپر چناب میں پانی کا بہائو مزید کم ہوکر صرف چار ہزار سات سو کیوسک رہ گیا جس کی وجہ سے سیالکوٹ، پسرور، نارووال، سمبڑیال، ڈسکہ اور گوجرانوالہ و دیگراضلاع کی لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی پر کاشت شدہ فصلوں کو کسان و کاشتکار ٹیوب ویلوں کا پانی لگانے پر مجبور ہیں۔ ترجمان ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دودیگر دریائوں دریائے مناور توی اور دریائے جموں توی کے پانی میں بھی کمی ہوئی جس کی وجہ سے دریائے مناور توی کے چھ سو چھ کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کے ایک ہزار چار سو انچاس کیوسک پانی کے شامل ہونے سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد 7ہزار سات سو  74کیوسک رہی۔ تاہم دریائے چناب کے اپنے پانی کی آمد پانچ ہزار سات سو انیس کیوسک رہی۔

مزیدخبریں