گلگت بلتستان پر بھارتی مداخلت کا کوئی حق نہیں، انڈین میڈیا فرانس بدری کی جعلی خبریں پھیلا رہا: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) بھارت فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلانے لگا۔ پاکستان نے فرانس میں پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے سے متعلق بھارتی جعلی خبروں کی تردید کر دی۔ ترجمان دفتر خارجہ  زاہد حفیظ چودھری کے مطابق بھارتی میڈیا اور جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس سے پاکستانیوں کو فرانس سے نکالنے کی خبروں کو پھیلایا گیا ہے۔ بے بنیاد اور گمراہ کن معلومات میں واضح طور پر پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا مشین کا ایک ہاتھ ہے۔ فرانس میں موجود پاکستانی قانون کی پاسداری‘ فرانسیسی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ حالیہ پیشرفتوں کے بعد ان کی طرف سے کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستانی سفارتخانہ پیرس کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ موجود ہے۔ کسی بھی معلومات کے لئے براہ کرم مذکورہ اکاؤنٹ کی پیروی کریں۔ خیال رہے کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرانس کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی تنقید کے بعد ہمارے شہریوں کو فراہم کردہ 183 وزٹ ویزے مسترد کر دیئے گئے۔ اسی ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مکمل دستاویز رکھنے والے 118 شہریوں کو جبری طور پر ڈی پورٹ کردیا گیا اور اپنے شہریوں کو عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کے لیے ہم فرانسیسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اسی جعلی ٹویٹ کے دوسرے حصے میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ 'ڈی پورٹ کیے گئے افراد کی فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی بہن کا نام بھی موجود ہے اور وہ اپنی بیمار ساس کو دیکھنا چاہتی ہیں۔ اس لیے ہم فرانسیسی حکام سے انہیں عارضی طور پر رکنے کی اجازت دینے کی درخواست کررہے ہیں۔ پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر پر اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ جھوٹے اور من گھڑت دعوے حقائق تبدیل نہیں کر سکتے۔ بھارت 73 برسوں سے زائد عرصہ سے کشمیر پر غیرقانونی قابض ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کا گلگت بلتستان کے بارے میں بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔ بھارت کے پاس اس معاملے پر غیرقانونی، اخلاقی مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزاد اور غیرجانبدارانہ رائے شماری ہے۔ انتظامی و سیاسی اور معاشی اصلاحات گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہیں۔ بھارت کشمیر پر غیرقانونی قبضے کو فی الفور ختم کرے۔

ای پیپر دی نیشن