ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں شاہ محمود کی بات کی: فواد چودھری

Nov 02, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی مخصوص قیادت اپنی سیاست میں ریاست کے مفاد کو زد پہنچا رہی ہے۔ ایازصادق نے قومی اسمبلی میں آرمی چیف کا نام ہی نہیں لیا۔ انہوں نے ہمارے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بات کی کیونکہ وہ ہمارے خلاف ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو نیا صوبہ مبارک ہو، اب آپ کو وہ تمام آئینی حقوق حاصل ہوں گے جو پاکستان کے باقی صوبوں کے عوام کو ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کیا اور بھارت کے رونے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ اپنی ایک اور ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی ایسا بیانیہ نہیں بنا رہی کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت مودی دوستی میں اندھی ہو گئی ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ پے در پے جلسوں میں (ن) لیگ کی مخصوص قیادت جن کے پیسے پھسے ہوئے ہیں وہ اپنی سیاست میں ریاست کے مفاد کو زد پہنچا رہی ہے۔ ایاز صادق کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح بھارت میں سیاستدان ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچتے ہیں ایسا ہی پاکستان میں بھی ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اب گلگت بلتستان کے عوام کو وہ تمام آئینی حقوق حاصل ہوں گے جو پاکستان کے باقی صوبوں کے عوام کو حاصل ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کیا اورہندوستان کے رونے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

مزیدخبریں